ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بیلگام میں بی جےپی کی مجلس عاملہ : لوجہاد اور گئو ذبیحہ پر پابندی کی قرار داد منظور

بیلگام میں بی جےپی کی مجلس عاملہ : لوجہاد اور گئو ذبیحہ پر پابندی کی قرار داد منظور

Sat, 05 Dec 2020 19:47:15    S.O. News Service

بیلگام:5؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) بیلگام میں منعقدہ بی جےپی کی مجلس عاملہ میں ’لوجہاد پرروک لگانے سمیت  گئو ذبیحہ پر پابندی عائد کرنےکا  فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب آئندہ کی کارروائی حکومت کرے گی‘۔ اس بات کی جانکاری بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمارکٹیل نے  دی۔

سنیچرکو  مجلس عاملہ میٹنگ کے بعد اخبارنویسوں سےبات کرتےہوئے کٹیل نے کہاکہ ریاست میں لوجہاد ایک خوفناک معاملہ ہے، پیار محبت کے نام پر تبدیلی ٔ مذہب کے کئی معاملات ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، جس کو ہم نے سنجیدگی سےلیتے ہوئے قرارداد پاس کی ہے۔

میٹنگ میں فیصلہ لیاگیا کہ گرام پنچایت انتخابات میں زیادہ نشستوں پر جیت حاصل کرتےہوئے گرام سوراجیہ  خواب کے مطابق دیہات کوترقی دی  جائے گی۔ دراصل یہ کارکنان کے انتخابات ہیں، جس میں پارٹی کانشان نہیں ہوتاہے، لیکن وہاں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو ہمارے عوامی نمائندے پوری طرح حمایت کرتے ہیں۔ اسی طرح انتخابی نگراں کار کمیٹی اور نظم وضبط کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔

بی جےپی صدر نے بتایا کہ مسکی اور بسوکلیان ودھان سبھاکے ضمنی  انتخابات کے لئے نگراں کار نامزد کئے گئےہیں، بیلگام لوک سبھا کے لئے ضمنی انتخابات کا اعلان  ہونےکے بعد اس سلسلے میں غورکیاجائےگا۔ مجلس عاملہ کا اجلاس کامیابی سے ختم ہواہے۔ کابینہ کی توسیع کا معاملہ وزیر اعلیٰ پر چھوڑ دیاگیا ہے، موقع کی مناسبت سے اور مرکزی لیڈران سے بات چیت کے بعد اس کا فیصلہ لیاجائےگا۔

کابینہ توسیع معاملے کو لےکر چند ایک نے اپنے دکھڑے کا اظہار کیا ہے، رکن اسمبلی بسن گوڈا پاٹل یتنال نے وزیر اعلیٰ کے خلاف بیان بازی کی تھی ، ایسےلوگوں کو میٹنگ میں  بلاکر بات کی جائےگی۔ کٹیل نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات کو لے کر کھلے عام بات کرنے سے منع کیاگیا ہے۔ آئندہ دنوں اس طرح کوئی بھی کھلے عام بات نہ کرےِ ، شکایات اور مسائل کے لئے پارٹی موجود ہے، وہاں اس پر بحث کریں۔ لیکن حد پھلانگ کر بات کریں گے تو پارٹی ان کے خلاف ضوابط کے تحت کارروائی کرے گی۔

گاندھی بھون میں منعقدہ مجلس عاملہ کی میٹنگ میں ریاستی نگراں کار ارون سنگھ نے پارٹی استحکام کی طرف رہنمائی کی۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی، قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی ، نائب وزیر اعلیٰ گوند کارجول، وزراء کے ایس ایشورپا، جگدیش شٹر، رمیش جارکی ہولی، آر اشوک ، قومی یوتھ صدر تیجسوی سوریا، ریاستی نائب صدر اروند لمباولی ، شہری صدر ششی کانت پاٹل ، دیہی ضلع صدر سنجئے پاٹل موجود تھے۔


Share: